کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش؛ متعدد علاقوں میں بجلی غائب

کراچی: سندھ اور ملک کے مشرقی حصوں میں مون سون کا سلسلہ شدت کے ساتھ جاری ہے جبکہ کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش شروع ہوگئی ہے۔

علاوہ ازیں بارش شروع ہونے کے ساتھ ہی متعدد علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا آغاز ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق گلشن معمار، اسکیم 33، سپرہائی وے پر تیز ہواؤں کے ساتھ بار ش ہورہی ہے۔

گلشن جوہر، ایئر پورٹ، ماڈل کالونی، کلفٹن، پنجاب چورنگی، بوٹ بیسن، کورنگی، گلشن اقبال، بہادر آباد، اسٹیڈیم روڈ اور ملیر میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ گلشن اقبال بلاک 13 ڈی 2 میں چند ملی میٹر بارش میں زیر آب آگیا۔

خیال رہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بیشتر وقت مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا تھا جبکہ پیر اور منگل کو بھی وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی پیش گوئی کی تھی۔