پیٹرول پمپس مالکان نے ہڑتال دو دن کیلئے مؤخر کردی

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک پیٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال ٹالنے کے مشن پر کراچی پہنچے، جہاں ان کی پیٹرول پمپس مالکان سے ملاقات ہوئی۔

وزیر مملکت مصدق ملک کے پیٹرول پمپس مالکان سے مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے، پیٹرول پمپس مالکان نے ہڑتال دو دن کیلئے مؤخر کردی۔

وزیرمملکت مصدق ملک کا کہنا ہے کہ دو دن بعد پیٹرولیم ڈیلرز سے پھر ملیں گے، چاہتے ہیں جو پالیسی بنے عوام اور ڈیلرز کے مفاد میں ہو۔

پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا بھی کہنا ہے کہ دو دن بعد پھر مذاکرات کا امکان ہے۔

اس سے قبل پیٹرولیم ڈیلرز ذرائع کا کہنا تھا کہ فی لیٹر منافع کے معاملے پر حل نکالنے اور ہڑتال مؤخر ہونے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پیٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن نے 22 جولائی سے ملک بھر کے پیٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پیٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے تحفظات سے متعلق وزیر پیٹرولیم کو آگاہ کیا تھا، لیکن کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ تحفظات دور ہونے تک پیٹرول پمپس بند رہیں گے۔