سیکیورٹی خدشات، محرم کے دوران ملک بھر میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: حکومت نے محرم الحرام کے دوران چاروں صوبوں، وفاق اور گلگت بلتستان میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزارت داخلہ نے اس حوالے سے تمام صوبوں کے محکمہ داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آباد کے نام مراسلہ جاری کردیا۔ وزارت داخلہ نے ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ کی مشاورت سے محرم میں فورسز اور سول آرمڈ فورسز تعینات کرنے کی منظوری دی۔

مراسلے کے مطابق محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں فوج تعینات کرنےکا فیصلہ آرٹیکل 245 تحت کیا گیا، چاروں صوبائی محکمہ داخلہ کی درخواست پر فوج تعینات کی جارہی ہے۔

ذرائع کے مطابق فوج کی تعیناتی محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کی جارہی ہے۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ فوجی اہل کاروں کی نفری کی تعداد کا فیصلہ صوبائی محکمہ داخلہ اور جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) کی مشاورت سے کیا جائے گا۔