خیبر؛ باڑہ بازار میں تھانے کے گیٹ پر خودکش دھماکا، 2 اہلکار شہید

پشاور: ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں پولیس اسٹیشن کے مرکزی گیٹ پر خودکش دھماکے کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے۔

ترجمان خیبر پولیس کے مطابق دھماکے میں شہید ہونے والے اہلکاروں میں نور بہادر اور طیب شامل ہیں۔

حملے کے بعد سیکیورٹی ٹیموں نے جوابی کارروائی کی اور دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا جبکہ پولیس کی مزید نفری اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر موجود رہی۔

سینیئر پولیس افیسر نے بتایا کہ باڑہ تحصیل پر دو خودکش حملہ آوروں نے گھسنے کی کوشش کی لیکن فوری جوابی کارروائی سے حملہ آوروں کو مار دیا گیا، برقت کارروائی سے حملہ ناکام بنایا گیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق زخمیوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جو تحصیل کمپاونڈ آفس کے مین گیٹ پر تعینات تھے۔ ریسکیو 1122 نے 2 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جن میں سے ایک شدید زخمی کو ایچ ایم سی علاج کے روانہ کر دیا گیا۔

ترجمان ایچ ایم سی نے بتایا کہ خیبر باڑہ بازار میں دھماکا کے باعث 4 زخمیوں کو لایا گیا جس میں ڈیڈ بادی بھی شامل ہے، 4 زخمیوں میں 3 پولیس اہلکار شامل ہیں۔

ریسکیو 1122 کے مطابق ایک زخمی کو ایچ ایم سی، 3 زخمیوں کو مقامی اسپتال اور 6 زخمیوں کو موقع پر طبی امداد فراہم کی گئیں۔ دھماکے سے عمارت کی چھت گرنے سے ایک شخص نیچے دب گیا، ریسکیو 1122 کی ہیوی مشینری موقع کی جانب روانہ کر دی گئی۔