گیس مافیا نے اوگرا نوٹی فکیشن کے بغیر قیمت ازخود بڑھادی

لاہور : گیس مافیا نے ایل پی جی کی قیمت میں 10 روپے فی کلو گرام اضافہ کر دیا جس کے بعد ایل پی جی کی فی کلو گرام قیمت 220 روپے ہوگئی۔

ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کے بعد گھریلو سلنڈر 220 روپے اور کمرشل سلنڈر400 روپے مہنگا ہوگیا۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر کے مطابق پہاڑی و دور دراز کے علاقوں میں گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 310 روپے کا اضافہ ہو چکا ہے، ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ جاری ہے، ملک میں کسی جگہ سرکاری قیمت پر گیس دستیاب نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور اوگرا سرکاری قیمت پر گیس دستیاب کرنے میں ناکام ہوگئی، کارروائی غریب ایل پی جی دکان داروں کے خلاف آپریشن بند کیا جائے، گیس مافیا نے اوگرا کی جاری کردہ قیمت ماننے سے انکار کر دیا ہے، وزیر اعظم اور اوگرا ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ کا نوٹس لیں۔
عرفان کھوکھر نے مطالبہ کیا کہ ایف آئی اے سرکاری امپوٹر کمپنی SSGC کا ریکارڈ قبضہ لینے کے لیے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے، گیس بلیک کرنے والوں کے لائسنس منسوخ کیے جائیں اور دس لاکھ روپے جرمانے کا حکم دیا جائے۔

دوسری جانب گیس مافیا نے لاہور ہائی کورٹ اور اوگرا کو کھلم کھلا چیلنج کر دیا ہے کہ اپنی من مانی قیمت پر ایل پی جی فروخت کریں گے۔