وزیراعظم شہباز شریف کا سوئیڈن واقعہ پر اقوام متحدہ کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ سوئیڈن میں قرآن پاک کی توہین پر دنیا بھر میں اربوں مسلمانوں کے دل دکھی ہیں، یو این سیکریٹری جنرل اس واقعے پر فوری اقوام متحدہ کا ہنگامی اجلاس بلائیں۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سوئیڈن کی حکومت کو اپنی پوزیشن کلیئر کرنی ہوگی اور جواب دینا ہوگا، جان بوجھ کر مسلمانوں کے خلاف آگ بھڑکانے کی کوشش کی گئی۔

شہباز شریف نے کہا کہ سوئیڈن واقعہ مسلمانوں اور مسیحیوں کو لڑانے کی سازش ہے، تمام سیاسی جماعتیں اس واقعے کے خلاف بھرپور احتجاج کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے توہین آمیز واقعہ کے خلاف اجلاس بلانے کے لئے رابطہ کررہا ہوں، اقوام متحدہ سے اپیل کروں گا کہ وہ اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی قانون منظور کرے۔

شہبازشریف نے کہا کہ یہ ایوان جو قرارداد منظور کرے گی ہم وزارت خارجہ کے ذریعے اسے دنیا میں لیکر جائیں گے، امید ہے آج کی قرارداد کے بعد ایسی مذموم حرکتیں ہونا بند ہوں گی۔