ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کے تیسرے دن بھی قربانیوں اور دعوتوں کا سلسلہ جاری

کراچی: ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کے تیسرے دن بھی قربانی، ملنے ملانے اور دعوتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ملک بھر میں تیسرے روز بھی سنت ابراہیمی کی پیروی میں جانوروں کی اجتماعی اور انفرادی قربانی کا سلسلہ جاری ہے۔ قربانی سے فارغ ہوجانے والے افراد گوشت کی تقسیم میں مصروف ہیں۔

خواتین گوشت کو محفوظ کرنے اور مزے مزے کھانوں کے ذریعے دستر خوان کی شان بڑھا رہی ہیں۔ دوسری جانب ایسے لوگوں کی بھی کمی نہیں جو قربانی کے گوشت میں پیشہ ور کبابیوں کا ذائقہ چاہتے ہیں، اس کے لیے معروف باورچیوں اور کبابیوں کی خدمات پہلے ہی حاصل کرلی گئی ہیں۔

جن افراد نے عیدالاضحیٰ کے پہلے اور دوسرے دن قربانی فریضہ سرانجام دے دیا وہ مہمانوں کے استقبال اور عزیز و اقارب سے ملاقاتوں میں مصروف ہیں، تیسرے دن شہریوں کی بڑی تعداد نے تفریحی مقامات کا رخ بھی کرلیا ہے۔