ملک بھر میں عید الاضحٰی آج مذہبی جوش و جذبے کیساتھ منائی جا رہی ہے

اسلام آباد / کراچی:
ملک بھر میں آج عید الاضحٰی مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں عید کی نماز کے اجتماعات منعقد کیے گئے، نماز کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

اس کے علاوہ فلسطین و مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور مسلم ممالک میں جاری فتنہ و فساد کے خاتمے کے لیے بھی اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دعا کی گئی۔

نماز عید الاضحی کے بعد تینوں ایام میں سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے جانور قربان کیے جا رہے ہیں، شہری اللہ کی راہ میں انفرادی اور اجتماعی قربانی کر رہے ہیں، قربانی کا گوشت مساکین اور غربا میں تقسیم کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تمام سروسز چیفس نے پاکستانی عوام کو عید مبارک دی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے کہا کہ عید الاضحی ہمیں امن، اتحاد، یگانگت اور نوع انسانی کیلئے بے لوث قربانی کا درس دیتی ہے، آج کا دن شہدا پاکستان کی وطن عزیز کیلئے دی جانے والی لازوال قربانیوں کو یاد رکھنے اور ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے، یہ شہداء وطن ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔

دوسری جانب اسلام آباد کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر اکبر ناصر خاں کی ہدایت پر عیدالاضحیٰ کا سکیورٹی پلان جاری کردیا گیا ہے۔ عیدالاضحیٰ پر 3000 سے زائد پولیس افسران و اہلکار فرائض سر انجام دیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ فیصل مسجد سمیت تمام مساجد و عیدگاہوں کی سکیورٹی کو موثر بنایا جائے گا، ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لئے ٹریفک کے خصوصی دستے تعینات کیے جائیں گے اور ڈولفن کے مستعد اہلکار مختلف علاقوں میں گشت پر مامور رہیں گے۔