ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کل منائی جائے گی، منڈیوں میں رش لگ گیا

ملک بھر میں عید الاضحیٰ کل منائی جائے گی، منڈیوں میں خریداروں کا رش بڑھ گیا، کہیں مہنگائی کے باعث بیوپاریوں کو گاہک کی تلاش ہے تو کہیں خریداروں کی بیوپاریوں کو منانے کی کوشش جاری ہے، وقت کم ہے، مقابلہ سخت ہے۔

کراچی میں ناردرن بائی پاس کی مویشی منڈی میں کچھ بیوپاری جانور بیچ کر گھر کو چل دیے، منڈی میں جانور کم رہ گئے۔

جانور کم اور خریدار زیادہ ہونے کی وجہ سے بیوپاریوں نے قیمتیں مزید بڑھا دیں

وزیراعظم شہباز شریف نے عید الاضحیٰ پر قوم اور تمام عالم اسلام کو مبارک باد دی۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ احساس ہے پاکستان اس وقت مہنگائی کی زد میں ہے، حکومت اپنی تمام تر توانائیاں عوامی ریلیف پر صرف کر رہی ہے، بجٹ میں بھی تنخواہ دار طبقے، پینشنرز اور مزدور کو جس قدر ہوسکا ریلیف دیا ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ عید کی خوشیوں میں غریب اور معاشی طور پر کمزور بھائیوں کو بھی شریک کیا جائے اور بھارتی جبر کے شکار کشمیری بھائیوں، بہنوں اور بچوں کو بھی یاد رکھا جائے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے عید الاضحیٰ کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں 120 روز کی کمی کے اعلان کے بعد سندھ بھر کی جیلوں سے 8 قیدی رہا جبکہ 304 کی سزاؤں میں کمی ہوئی ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر جہاں مسلمان سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہیں وہیں عید کا یہ پر مسرت موقع مسلمانوں میں قربانی، انصاف، رواداری، مساوات تحمل مزاجی اور ایثار کا جذبہ پیدا کرتا ہے۔

گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ عید الاضحیٰ یا سنت ابراہیمی کا مقصد ذات باری تعالیٰ کی قربت حاصل کرنے کا نام ہے، آئیے ہم آج پھر سب مل کر سنت ابراہیمی کو آگے بڑھائیں اور عیدالاضحیٰ کی خوشیوں میں اپنے اردگرد موجود غریبوں، یتیموں اور نادار لوگوں کو شریک کریں۔

سابق صدر آصف علی زرداری آبائی علاقے نواب شاہ میں عید منائیں گے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ میں عید منائیں گے، جبکہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری، کنوینر ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب گلشن جناح میں نماز عید ادا کریں گے۔

حروں کے روحانی پیشوا پیر پگارا آبائی علاقے پیر جو گوٹھ خیرپور میں نماز عید ادا کریں گے۔ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی دوران اسیری سب جیل قرار دیے گئے کراچی میں گھر پر عید منائیں گے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال قرآن اکیڈمی ڈی ایچ اے اور فاروق ستار کے ایم سی گراؤنڈ میں نماز عید ادا کریں گے۔

وفاقی وزیر جہاز رانی فیصل سبزواری فیڈرل بی ایریا بلاک11شاداب مسجد میں نماز عید ادا کریں گے۔

سندھ کے مختلف مقامات پر آج سے 30 جون کے درمیان گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے کراچی میں بھی عید کے پہلے اور دوسرے روز ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش کا امکان ہے۔ رواں سال مون سون میں سندھ اور بلوچستان کے جنوب مغربی حصوں میں معمول سے کم بارش ہونے کی پیشگوئی بھی کی جارہی ہے۔