پیرس سمٹ: وزیراعظم کا عالمی برادری سے وسائل کی منصفانہ تقسیم کی پالیسی بنانے پر زور

پیرس: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے، گزشتہ برس اسی وجہ سے تباہ کن سیلاب کا سامنا بھی کیا۔

پیرس میں منعقدہ نئے عالمی مالیاتی معاہدے سے متعلق سربراہی سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان کو گزشتہ برس تباہ کن سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، جس سے بیس لاکھ گھر مکمل تباہ ہوگئے جبکہ 33 لاکھ افراد بے گھر ہوئے اور ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں،

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور اپنی آنکھوں سے تباہی دیکھی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام نے سیلاب کی آفت کا بہت بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے کروڑوں ڈالر خرچ ہوئے ہیں۔ وزیراعظم نے عالمی دنیا پر زور دیا کہ وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لیے پالیسی مرتب کی جائے۔

دریں اثنا وزیر اعظم نے عالمی رہنماؤں اور شخصیات سے ملاقاتیں بھی کیں جن میں دو طرفہ تعلقات اور پاکستان کو درپیش موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہبازشریف کی ماحولیات کے لئے امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی اور سابق وزیر خارجہ جان کیری سے ملاقات ہوئی، جس میں دونوں قائدین نے ایک دوسرے کے لئے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے ماحولیات کے مسئلے پر جان کیری اور امریکی حکومت کی ترجیحات کو سراہا اور کہا کہ ماحولیاتی مسائل دنیا کا مشترکہ مسئلہ ہیں جس کے لئے مشترکہ حکمت عملی اور کوششیں درکار ہیں،ماحولیات کے لئے امریکی تاریخ میں پہلی بار امریکی صدر کا نمائندہ خصوصی مقرر کرنا اس مسئلہ کی اہمیت کا ادراک .

وزیراعظم نے کہا کہ ماحولیاتی مسائل خاص طور پر ترقی پزیر ممالک کی ترقی اور شرح نمو کو بری طرح متاثر کررہے ہیں، شدید معاشی مشکلات میں 2022 میں آنے والے تباہ کن سیلاب نے مسائل کو مزید مشکل بنادیا، ترقی یافتہ ممالک ماحولیاتی مسائل سے ترقی پزیر ممالک کی شرح نمو پر پڑنے والے منفی اثرات سے نکلنے میں مدد کے لئے خصوصی کردارادا کریں۔

شہباز شریف نے کہا کہ کوپ 27 میں لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کے قیام کے بعد وسائل کی فراہمی کے وعدوں کو عملی شکل دینا اہم ہے، نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے لئے پیرس سربراہی کانفرنس ترقی پزیر ممالک کے لئے امید کا پیغام ہے، ترقی پزیر ممالک کو وسائل کی فراہمی کے لئے عالمی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاح ضروری ہے۔

جان کیری نے موسمیاتی تبدیلیوں کے مسئلے سے ترقی پزیر ممالک کے لئے خطرات میں اضافے سے اتفاق کیا دونوں رہنماﺅں نے مشترکہ کوششوں کے لئے رابطے برقرار رکھنے اور مشاورت سے آگے بڑھنے پر اتفاق بھی کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی عالمی سربراہی اجلاس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں وزیراعظم نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے کہا کہ آپ کو پاکستان کا محسن تصور کرتے ہیں، سیلاب کے موقع پر آپ کی مدد بھول نہیں سکتے، موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان میں ہونے والی تباہی کے آپ عینی شاہد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے اقدامات کے بارے میں سیکریٹری جنرل کو آگاہ کیا، سیلاب متاثرین کی بحالی اور ان کی دوبارہ آباد کاری ہماری اولین ترجیح ہے اور رہے گی، موسمیاتی تبدیلیوں سے ترقی پزیر ممالک پر معاشی دباﺅمزید بڑھا گیا ہے، ترقی پزیر ممالک میں شرح نمو بڑھانے اور مالیاتی توازن برقرار رکھنے میں نئے مسائل درپیش ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ کوپ 27 میں لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کو ترقی پزیر ممالک کی مالیاتی مدد کے لئے بروئے کار لایاجائے، نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے لئے پیرس میں سربراہی کانفرنس ایک اچھی اور درست سمت میں شروعات ہیں، موسمیاتی انصاف کے ساتھ ترقی پزیر ممالک کے ساتھ عالمی مالیاتی وسائل کی تقسیم میں بھی منصفانہ رویہ درکار ہے۔

وزیراعظم کی سربراہی اجلاس کی سائیڈ لائن پر مصر کے صدر سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں وزیراعظم نے کوپ27 کے شرم الشیخ میں ہونے والے اجلاس میں لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کو اہم پیش رفت قرار دیا۔

نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے موضوع پر منعقدہ سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کی فرانسیسی صدر میکرون سے ملاقات ہوئی، جس میں شہباز شریف نے نئے عالمی مالیاتی معاہدے پر سربراہی اجلاس بلانے پر فرانسیسی صدر کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سربراہی اجلاس میں دعوت دینے اور پرتپاک میزبانی پر میکرون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ نے ترقی پزیر ممالک کے ساتھ مالیاتی انصاف پر مبنی نظام کی طرف جرات مندانہ قدم اٹھایا، جس پر میں آپ کا مشکو.

انہوں نے کہا کہ ترقی پزیر ممالک کو وسائل کی عدم دستیابی، قرض اور سود کی ادائیگیوں کے بوجھ اور منجمد ترقی کے مسائل درپیش ہیں، نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے تحت قرض کی دلدل میں ڈوبے ترقی پزیر ممالک کی مدد وقت کی ضرورت ہے تاکہ وہاں کے عوام کو ریلیف مل سکے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات نے پہلے سے مسائل کا شکار ترقی پزیر ممالک کو مزید مشکلات سے دو چار کر دیا ہے۔

علاوہ ازیں نئے عالمی مالیاتی معاہدے سے متعلق سربراہی اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی عرب کے وزیراعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کی حکومت اور عوام کے لئے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لئے اشتراکی عمل مزید بڑھانے پر اتفاق کیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔