PTI Flag

غلام سرور خان کا پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان

سابق وفاقی وزیر غلام سرور خان نے بھی تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

غلام سرور خان نے ویڈیو بیان میں کہا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا بُرا ہوا، پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں، افواجِ پاکستان کی ملک کی بقا اور سلامتی کے لیے قربانیاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یادگارِ شہدا، جی ایچ کیو اور فوجی تنصیبات پر حملہ آور ملک دشمنی کے مرتکب ہوئے، ان لوگوں نے جی ایچ کیو اور کور کمانڈر ہاؤس پر نہیں پاکستان کے دل پہ حملہ کیا۔

غلام سرور خان نے کہا کہ میں اُن تمام ناپاک عزائم اور ناپاک اقدام کی مذمت کرتا ہوں، ایسے جرائم میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے، جن لوگوں نے اداروں کے ساتھ محاذ آرائی کی اس کی بھرپور مذمت کرتا ہوں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ محاذ آرائی کی پالیسی سے اختلاف پارٹی کے ہر فورم پر بھی کیا، ہمیں اداروں کے ساتھ لڑائی نہیں کرنی۔