پرویز الہٰی ہماری پارٹی میں ہی ہیں, چوہدری شجاعت

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے جیل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الہٰی سے ملاقات کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے موقع پر چوہدری شجاعت حسین کے ساتھ ان کے بیٹے چوہدری سالک حسین بھی موجود تھے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ پرویز الہٰی نے کہا کہ ہمارے خاندان نے پہلے بھی مشکلات دیکھی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پرویز الہٰی کی طبعیت ٹھیک نہیں تھی اور پاؤں بھی سوجے ہوئے تھے۔

ق لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پرویز الہٰی ہمارے خاندان کا حصہ ہیں، اس لیے ملنے گیا تھا۔

اس موقع پر جب جیو نیوز نے چوہدری شجاعت سے سوال کیا کہ کیا پرویز الہٰی ق لیگ میں واپس آرہے ہیں؟ جس پر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پرویز الہٰی ہماری پارٹی میں ہی ہیں۔

ان سے پھر سوال کیا گیا کہ پرویز الہٰی تو تحریک انصاف کے صدر ہیں؟ جس پر چوہدری شجاعت حسین مسکرادیے۔