کشتی حادثہ؛ وفاقی حکومت کا 78 میتوں کی شناخت کیلیے ڈی این اے ٹیسٹ کا فیصلہ

اسلام آباد: یونان کشتی حادثے میں پاکستانیوں کی ہلاکت کے حوالے سے حکومت پاکستان نے 78میتیوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکومت نے ڈی این اے کے لیے کوآرڈینشن سیل بنانے کی ہدایت جاری کردی، جس میں وزارت داخلہ،وزارت خارجہ، وزارت صحت،وزارت اورسیز پاکستانی اورایف آئی اے کے نمائندہ شامل ہونگے۔

یہ سیل بدقسمت کشتی کے مسافروں کے رشتہ داروں کے ڈی این اے سیمپل اکٹھے کرے گا۔ اسلام آباد اور آزادکشمیر سمیت جہاں ضروری ہوا کیمپ آفس قائم کیے جائیں گے۔

ڈی این اے کے نمونہ جات کے لیے جگہوں کا تعین کرکے لواحقین کو اطلاع دی جائے گی۔ یونان میں پاکستانی سفارتخانے کی مشاورت سے ڈی این اے ٹیسٹ لیے جائیں گے۔ ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے پنجاب فرانزک لیب سے کوآرڈینیشن کی جائے گی۔