حکومت اور ٹی ایل پی کے مابین ’بعض امور‘ پر اتفاق رائے ہوگیا

لاہور: حکومت اور تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے مابین پٹرول کی قیمت میں کمی سے متعلق مذاکرات کا عمل جاری ہے تاہم چند دیگر اہم امور پر اتفاق ہوگیا ہے جس میں گستاخان رسول ﷺ کے خلاف اسپیڈی ٹرائل اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے امریکا کو مراسلہ لکھنا بھی شامل ہے۔

وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان اور وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق پر مشتمل وفد نے سےڈاکٹر شفیق امینی، غلام عباس فیضی، مفتی محمد عمیر الازہری، مولانا غلام غوث بغدادی اور جیلان شاہ پر مشتمل ٹی ایل پی کی مذاکراتی کمیٹی کی دوسری ملاقات ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق ملاقات میں درج ذیل امور پر اتفاق ہوا؛

گستاخان رسول ﷺکا غیر جانبدارانہ اور اسپیڈی ٹرائل کیا جائے گا۔

سوشل میڈیا سے گستاخانہ اور غیر مہذب مواد ہٹانے کیلئے فلٹریشن نظام لگایا جائے گا۔

مقدسات اسلام کی تضحیک کو روکنے کیلئے پہلے سے موجود ادارہ کی صلاحیت اور استعداد کو مزید بڑھایا جائے گا تاکہ وہ اپنے کام کو موثر طریقے سے سرانجام دے سکے۔
محکمہ انسداد گستاخانہ کے باقاعدہ قیام کی طرف قدم اٹھایا جائے گا۔

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے وزارت خارجہ آئندہ تین روز میں امریکی حکومت کےنام مراسلہ جاری کرے گا۔
ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی کے لیے حکومت مزید سنجیدہ اقدامات اٹھائے گی۔

تحریک لبیک پاکستان کے خلاف پیمرا اور پی ٹی اے کے تمام نوٹی فکیشنز کو ڈی نوٹیفائی کیا جائے گا۔

295 سی کے ملزمان پر 7 ATA کا اطلاق بھی کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ حکومت اور ٹی ایل پی کے مابین پٹرول کی قیمتوں میں کمی لانے اور دیگر مطالبات پر مذاکرات جاری ہیں۔