Arts Council of Karachi

میئر کراچی: مرتضیٰ وہاب کیلئے ووٹنگ مکمل، حافظ نعیم کیلئے پولنگ شروع

کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کے لیے آرٹس کونسل کراچی میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔

میئر کراچی کے لیے پیپلزپارٹی کے نامزد امیدوار مرتضیٰ وہاب کے لیے ووٹنگ مکمل ہو گئی، جس کے بعد جماعتِ اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمٰن کے لیے ووٹنگ کا عمل شروع ہو گیا۔

پولنگ کا وقت شروع ہوتے ہی پولنگ اسٹیشن آرٹس کونسل کا دروازہ بند کر دیا گیا تھا۔

انتخاب میں حصہ لینے کے لیے میئر کراچی کے لیے جماعتِ اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمٰن اور پیپلز پارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب آرٹس کونسل میں موجود ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو اور سعید غنی بھی آرٹس کونسل میں ہیں۔

30 سے زائد منتخب اراکین کو لاپتہ کیا گیا ہے: حافظ نعیم
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی اور جماعتِ اسلامی کے میئر کراچی کے لیے امیدوار حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ 30 سے زائد منتخب اراکین کو لاپتہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ بات آرٹس کونسل کراچی میں حافظ نعیم الرحمٰن نے ریٹرننگ آفیسر سے مکالمے کے دوران کہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خبریں ہیں کہ ان افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، ایسے میں میئر کے الیکشن کیسے ہوں گے؟

حافظ نعیم الرحمٰن نے ریٹرننگ آفیسر سے یہ بھی کہا کہ آپ کی ذمے داری تھی کہ ان افراد کو یہاں لاتے

حافظ نعیم اور سعید غنی والہانہ انداز میں گلے ملے
اس موقع پر امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن اور پی پی رہنما سعید غنی والہانہ انداز میں گلے ملے۔

پی ٹی آئی ارکان کا پہلا گروپ جماعتِ اسلامی کے ارکان کے ساتھ آرٹس کونسل پہنچا ہے۔

PTI کے 3 ارکین کو بکتر بند میں لایا گیا
پی ٹی آئی کے 3 ارکان کو بکتر بند کے ذریعے آرٹس کونسل پہنچایا گیا ہے، ان اراکین میں فردوس شمیم نقوی بھی موجود ہیں۔

34 اراکین غیر حاضر
الیکشن کمیشن کے ذرائع اور انٹری رجسٹر کے مطابق کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کے سلسلے میں 366 میں سے 332 اراکین پولنگ اسٹیشن آرٹس کونسل پہنچے ہیں، جبکہ 34 اراکین غیر حاضر ہیں۔

جماعتِ اسلامی اور PPP کے کارکنوں کے نعرے
جماعتِ اسلامی کراچی اور پیپلز پارٹی کے کارکنان نے آرٹس کونسل کراچی کے سامنے شدید نعرے بازی کی ہے۔

دونوں جماعتوں کے کارکنان کی جانب سے شدید نعرے بازی سے صورتِ حال کشیدہ ہو گئی۔

اس موقع پر وہاں تعینات پولیس کی بھاری نفری نے دونوں جماعتوں کے کارکنان کو پیچھے دھکیل دیا۔

ہمیں بھاری رقم کی آفر بھی ہوئی: رکنِ PTI روبینہ ضمیر
پی ٹی آئی کی رکن روبینہ ضمیر کا کہنا ہے کہ ہم سے رابطے ہوئے ہیں ہمیں بھاری رقم کی بھی آفر ہوئی۔

پی ٹی آئی کی رکن روبینہ ضمیر میئر کراچی کے لیے ووٹ کاسٹ کرنے آرٹس کونسل کراچی پہنچی ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے ’جیونیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ آفر براہِ راست نہیں ہوئی بلکہ کسی کے ذریعے ہوئی تھی۔

روبینہ ضمیرکا کہنا ہے کہ میں پچھلے 10 سال سے پی ٹی آئی کے ساتھ ہوں، جب سے ہم نے پیپر جمع کروائے ہمیں بہت مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

پی ٹی آئی کی رکن نے یہ بھی کہا کہ خواتین کو ثابت قدم رہنے پر خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں۔

پی ٹی آئی کی رکن شازیہ جعفرانی نے کیا کہا؟
پی ٹی آئی کی رکن شازیہ جعفرانی بھی میئر کراچی کے لیے ووٹ ڈالنے آرٹس کونسل پہنچی ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں خصوصی سیٹ پر الیکٹ ہوئی ہوں، ہم پر ایسا کوئی دباؤ نہیں ہے، حق اور باطل کی جنگ تو چلتی رہے گی۔

ہم فتح کے قریب ہیں: مرتضیٰ وہاب
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے میئر کراچی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم فتح کے قریب ہیں، ان شاء اللّٰہ ہماری جیت ہو گی۔

ان کا کہنا ہے کہ اراکین کے لیے عشائیہ منعقد کیا تھا، ہمارے تمام 173 اراکین عشائیے میں موجود تھے، تمام اراکین کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اپنی حمایت کا یقین دلایا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم اپنا نمبر ایوان میں پورا کریں گے، حافظ صاحب! ہار جیت سیاست کا حصہ ہے ماحول خراب نہ بنائیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کے عمل کو متنازع نہ بنایا جائے، ہم سب کی ایک ترجیح ہے کہ ترقی ہو، ان شاء اللّٰہ ہم اس شہر کو ترقی دیں گے۔

جماعتِ اسلامی کی منتخب خواجہ سرا رکن چاندنی شاہ نے کیا کہا؟
جماعتِ اسلامی کی منتخب خواجہ سرا رکن چاندنی شاہ کا کہنا ہے کہ پہلی بار خواجہ سراء بھی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

یہ بات جماعتِ اسلامی کی منتخب خواجہ سراء رکن چاندنی شاہ نے آرٹس کونسل میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہی۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جماعتٍِ اسلامی کی خصوصی سیٹ پر الیکشن میں حصہ لے رہی ہوں۔

صدر پی پی کراچی سعید غنی کا کہنا ہے کہ اگر حافظ نعیم الرحمٰن کے پاس نمبر پورے ہیں تو وہ جیت جائیں گے۔

یہ بات صدر پی پی کراچی سعید غنی نے آرٹس کونس میں ’جیو نیوز ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ان کا کہنا ہے کہ الیکشن میں وہ جیتتا ہے جس کے پاس سب سے زیادہ ووٹ ہوتے ہیں۔

سعید غنی کا مزید کہنا ہے کہ ایسا تو نہیں ہو سکتا کہ حافظ نعیم الرحمٰن کے میئر بننے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا جائے۔

صدر پی پی کراچی سعید غنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ ان کی ناکامی ہے کہ اپنے ممبر پورے نہیں کر سکے۔

ووٹنگ کیلئے جماعتِ اسلامی، PPP اراکین کی آمد
ووٹنگ میں حصہ لینے کے لیے جماعتِ اسلامی اور پیپلز پارٹی کے منتخب چیئرمین و سٹی کونسل اراکین آرٹس کونسل پہنچے ہیں۔

صبح 9 بجے آرٹس کونسل میں قائم پولنگ اسٹیشن کے دروازے کھول دیے گئے تھ، شناخت کے بعد ووٹر کو اندر جانے کی اجازت دی گئی۔