Supreme Court of Pakistan

ارشد شریف قتل کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو شامل تفتیش کرنے کی استدعا مسترد

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ارشد شریف قتل پر سوموٹو کیس کا تحریری حکمنامہ جاری کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی سمیت پانچ افراد کو تحقیقات میں شامل کرنے کی استدعا مسترد کردی۔

عدالت نے حکم نامے میں کہا کہ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ کینیا اور متحدہ عرب امارات کی حکومتیں بالترتیب وفاقی حکومت کے ساتھ باہمی قانونی معاونت کے معاہدوں پر بات چیت کے عمل میں ہیں، اس طرح کے معاہدوں پر عملدرآمد میں کچھ وقت لگے گا۔

حکم نامے کے مطابق ارشد شریف کی دوسری اہلیہ کے وکیل نے عدالت کو اقوام متحدہ کے نمائندوں اور اقوام متحدہ کی ان کمیٹیوں کا حوالہ دیا جو دنیا بھر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات میں شامل ہیں، ارشد شریف کی والدہ کے وکیل شوکت عزیز صدیقی نے دو متفرق دائر درخواستوں کا حوالہ دیا، جس میں انہوں نے بعض افراد کے نام بتائے ہیں جن کو ان کے بیٹے کے قتل میں ملوث سازشیوں اور مجرموں کے بارے میں علم ہے۔

حکم نامے کے مطابق والدہ کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ایس جے آئی ٹی کو مذکورہ افراد کی جانچ کرنے کی ہدایت دی جائے، متفرق درخواستوں پر غور کرنے کے بعد عدالت کا خیال ہے کہ والدہ کے وکیل کی استدعا قابل قبول نہیں ہے، سوموٹو میں عدالت ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات میں محض سہولت فراہم کر رہی ہے، اس کیس پر مزید سماعت جولائی 2023 میں دوبارہ کی جائے گی