PMLN

ن لیگ کی اہم بیٹھک، آئندہ انتخابات کے لیے اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لینے پر بات چیت

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی ہدایت پر وزیراعظم کی رہائش گاہ پر اہم بیٹھک ہوئی جس میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لینے اور مختلف آپشنز پر اہم گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن میں اہم بیٹھک ہوئی جس میں چیف آرگنائزر مریم نواز، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور عطاء تارڑ، ملک احمد خان اور دیگر نے شرکت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی کا غیر رسمی اہم اجلاس ڈھائی گھنٹے جاری رہا۔

اجلاس مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی خصوصی ہداہت پر طلب کیا گیا، اجلاس میں سیاسی صورتحال اور انتخابات کے حوالے سے اہم مشاورت ہوئی۔ اجلاس میں مسلم لیگ ن نے آئندہ انتخابات کے حوالے سے لائحہ عمل پر مشاورت کی۔ اجلاس میں انتخابات کے حوالے سے اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لینے پر مشاورت ہوئی ساتھ ہی مسلم لیگ ن کی سیاسی سرگرمیاں تیز کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں ن لیگ کی جانب سے بجٹ کے حوالے سے تجاویز اور تفصیلی معاملات زیر غور آئے۔ اجلاس میں لیگی قائدین نے اپنی اپنی تجاویز شہباز شریف کے سامنے رکھیں۔ اجلاس میں اگلے عام انتخابات کے حوالے سے ن لیگی قیادت کے درمیان مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عوام کی خدمت کو ملحوظ خاطر رکھا، پہلے بھی عوامی خدمت کے منصوبوں میں ن لیگ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور آئندہ بھی عوام کی خدمت کرتے رہیں گے، ن لیگ کو تمام مسائل تحریک انصاف سے ورثہ میں ملے جنہیں حل کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ن لیگ نے ہمیشہ ون پوائنٹ ایجنڈے پر سیاست کی اور وہ ہے عوامی ایجنڈا، اگر عوام نے ہمیں دوبارہ منتخب کیا تو ملک کو ترقی و خوشحالی کی طرف گامزن کریں گے۔