تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہٰی گرفتار

لاہور: تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کو ظہور الہٰی روڈ پر انکے گھر کے باہر سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو لاہور میں واقع انکی رہائش گاہ ظہور پیلس سے پولیس اور اینٹی کرپشن نے گرفتار کیا اور گاڑی میں بٹھاکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

ذرائع کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی جیسے ہی گجرات سے ظہور الہٰی روڈ پر واقع اپنے گھر پہنچے تو وہاں پہلے سے تاک میں موجود پولیس اور اینٹی کرپشن ٹیم نے انکو گرفتار کرلیا۔

نگران وزیراطلاعات پنجاب عامر میر نے چوہدری پرویز الہٰی کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پرویز الہٰی کی گرفتاری بڑی کامیابی ہے، چوہدری پرویز الہیٰ کے ترجمان نے بھی انکی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔

یاد رہے کہ چوہدری پرویز الہٰی بدعنوانی کے مقدمے میں اینٹی کرپشن گجرانوالہ کو مطلوب تھے اور انکی گرفتاری کیلئے پولیس اور اینٹی کرپشن کی جانب سے کئی دنوں سے کوششیں کی جارہی تھیں.