اسٹیٹ بینک نے نظامِ ادائیگی کا تیسرا سہ ماہی جائزہ جاری کردیا

کراچی: بینک دولتِ پاکستان نے مالی سال 2022-23ء کے لیے نظامِ ادائیگی کا تیسرا سہ ماہی جائزہ جاری کردیا، جس میں جنوری تا مارچ 2023ء کی مدت کا احاطہ کیا گیا ہے، جائزے میں ادائیگیوں کے ایکوسسٹم پر جامع تجزیہ پیش کیا گیا اور اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

جائزے کے مطابق بینکوں اور فنٹیک کمپنیوں کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون نے صارفین کے لیے موثر، قابل رسائی اور باسہولت ڈیجیٹل ادائیگیوں کا پلیٹ فارم مہیا کیا ہے، جس سے صارفین کی زیادہ تعداد کو ادائیگیوں کے لیے ڈیجیٹل چینل استعمال کرنے کا موقع ملا ہے۔

مالی سال 23ء کی تیسری سہ ماہی کے اختتام تک، انٹرنیٹ بینکاری کے صارفین کی تعداد 9.3 ملین، موبائل فون بینکاری کے 15.3 ملین اور برانچ لیس بینکنگ ایپ کے صارفین کی تعداد 48.4 ملین تھی۔ اس کے علاوہ، ای والٹس کے صارفین (الیکٹرانک منی انسٹی ٹیوشنز کے ذریعے جاری کردہ) کی تعداد 1.6 ملین تک پہنچ گئی۔