یوم مذمت غدار پاکستان کے حوالے سے مختلف شہروں میں ریلیاں

اسلام آباد: ملک میں 9مئی کو ہونے والے واقعات اور ان میں ملوث عناصر کی بھرپور مذمت کے لیے پاکستان کے مختلف علاقوں میں عوام سڑکوں پر نکل آئی۔

ملک کے مختلف اضلاع میں یوم مذمت غدار وطن کی مناسبت سے ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ عوام کی جانب سے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی پر عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

ریلیوں میں فضا پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی۔

بلوچستان کے مختلف اضلاع کوئٹہ، جعفرآباد، نصیرآباد، استا محمد، نوشکی، دالبندین، خضدار، کوہلو اور ڈیرہ مراد جمالی میں ریلیاں نکالی گئیں۔

خیبرپختونخوا میں ضلع کرک، کرم،سوات، چترال، شانگلہ، بونیر، دیر، بنوں، وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان، ہری پور، مانسہرہ، ابیٹ آباد، خیبر، موہمند، پشاور، مردان اور کوہاٹ میں بھی مختلف مقامات پر ریلیاں نکالی گئیں۔

پنجاب کے کئی شہروں بشول چنیوٹ، سرائے عالم گیر، کھاریاں، نارووال، ڈیرہ غازی خان اور گوجرانوالہ میں سڑکوں اور شاہراوں کو پینا فلیکس سے آراستہ کیا گیا اور مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں۔

معاشرے کے مختلف حلقوں کی جانب سے شہداء کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی گئی۔ اس موقع پر کوئٹہ میں تحریک نوجوانان پاکستان کے زیر انتظام سیمینار کا بھی انعقاد کیا گیا۔ سیمینار سے چیئرمین تحریک نوجوانان عبداللہ گل اور دیگر نے خطاب کیا اور 9 مئی کے واقعات کی شدید مذمت کی۔

ریلیوں میں سیکڑوں افراد نے پاک فوج کے حق میں نعرے بلند کیے، شرکاء کی جانب سے اس موقع پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

شرکاء کی جانب سے زور دیا گیا کہ پاک فوج پاکستان کی سلامتی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ ملک بھر میں عوام کی جانب سے واضع پیغام دیا گیا کہ پاک فوج اور شہداء کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔