یومِ تکریمِ شہدائے پاکستان آج منایا جا رہا ہے

ملک بھر میں یومِ تکریمِ شہدائے پاکستان آج منایا جارہا ہے۔

آج کے دن کی مرکزی تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی میں یادگارِ شہدا پر ہوئی جس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر مہمانِ خصوصی تھے۔

تقریب میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے بھی شرکت کی۔

یومِ تکریمِ شہدائے پاکستان کا آغاز نمازِ فجر کے بعد قرآن خوانی سے ہوا اور اس موقع پر پاکستان کی سلامتی اور امن و امان کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔

اس موقع پر پاک سرزمین کی حفاظت کی خاطر جان قربان کرنے والوں کے لیے خصوصی دُعائیں مانگی گئیں۔

علما کرام نے کہا کہ آزاد فضاؤں میں سانس لینا ہمارے ملک کے شہداء کے مرہون منت ہے جو ہم پر ان کا قرض ہے، آج اتحاد و یگانگت کے ساتھ فاصلوں کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

یوم تکریم شہداء کے موقع پر کیپٹن سلیمان شہید، میجر عزیز بھٹی شہید نشان حیدر اور شہید میجر سرمس رؤف کی قبر پر ورثا اور لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

پاک فوج کے دستے نے شہداء کی قبروں پر گارڈ آف آنر پیش کیا اور چادر چڑھائی۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ہمارے شہداء ہمارا فخر ہیں اور ان کی تکریم میں کبھی کمی نہیں آنے دیں گے۔

ملتان میں تقریب کا انعقاد
ملتان ریجن میں بھی موجود شہداء کی قبروں پر پاک فوج کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

اس موقع پر کیپٹن عاطف حسن شہید، حولدار خرم شہید اور لانس نائیک عبدالحکیم شہید کے ورثا اور شہری بھی موجود تھے۔

شہریوں نے کہا کہ ہمارے شہداء ہمارا فخر ہیں اور ان کی تکریم میں کبھی کمی نہیں آنے دیں گے۔

گجرات میں یومِ تکریمِ شہداء کی مرکزی تقریب میجر عزیز بھٹی شہید کے مزار پر منعقد ہوئی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صفدر نے کہا کہ شہداء ہمارا فخر ہیں۔

دیامر میں بھی یوم تکریمِ شہداء کی تقریب
دیامر میں بھی یوم تکریمِ شہدائے پاکستان منایا جا رہا ہے جس کی مرکزی تقریب ہائی اسکول اور پولیس لائن میں منعقد کی جا رہی ہے۔

آج سارا دن شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی اور دعاؤں کا سلسلہ جاری رہے گا۔