سابق رکن صوبائی اسمبلی نادیہ شیر کا پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سابق رکن خیبر پختونخوا اسمبلی نادیہ شیر نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران نادیہ شیر نے کہا کہ مزید اس شرپسند جتھے کا حصہ نہیں بن سکتی، پی ٹی آئی سے مستعفی ہو رہی ہوں، اب اس پارٹی سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستانی عوام سے بات کرنا چاہتی ہوں، ایک مسلمان ہونے کی وجہ سے برائی کو سپورٹ نہیں کر سکتی۔

نادیہ شیر نے مزید کہا کہ سیاسی جماعت میں مسائل ہوتے ہیں لیکن ان کی حد ہوتی ہے، پی ٹی آئی میں عمران خان کے سوا کسی کو نہیں سنا جاتا۔

اُن کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین، عون چوہدری اور فیصل واوڈا اس کی مثال ہیں، پارٹی رہنماؤں میں کوئی رائے دینا چاہے تو اُسے سائیڈ لائن کر دیا جاتا ہے۔

سابق ایم پی اے خیبر پختونخوا نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت سے مستعفی ہو رہی ہوں۔