PTI Flag

فیاض الحسن چوہان کا بھی تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے بھی تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کردیا، انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان کو سمجھایا کہ آپ جس اسٹریجیٹی پر چل رہے ہیں یہ درست نہیں، ریاست سے ٹکرانا سیاست دانوں کا کام نہیں ہوتا۔

لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ 9 مئی کا راستہ روکنے کیلئے پارٹی کی لیڈر شپ میں کوئی ایسا بندہ نہیں تھا جس نے عمران خان کو سمجھایا یا بتایا ہو کہ سیاست عدم تشدد کیساتھ کرنی چاہئے، میں پارٹی میں واحد شخص تھا جس کی وجہ سے پارٹی میں مجھے کھڈے لائن لگادیا گیا اور بنی گالا و زمان پارک میں میرا داخلہ بند کردیا گیا۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ میں نے عمران خان کو سمجھایا تھا کہ تشدد اور ریاستی اداروں سے ٹکراؤ کی پالیسی چھوڑ دیں اور سیاسی انداز میں اپنی جدوجہد کریں، خان صاحب نے میری گرفتاری پر ایک لفظ تک نہیں کہا جس سے مجھے بہت تکلیف ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ بیگم صفدر کے کہنے پر رانا ثنا کی پولیس نے مرا گھر تباہ کیا، میری فیملی کے 4 لوگ گرفتار ہیں اور چار گھر تباہ ہوئے ہیں، عمران خان نے میری بات نہیں مانی جس کا نقصان ہوا، 9 مئی کو جس طرح عوام دکھی ہوئی مجھے بھی دکھ ہوا۔