PMLN

سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری ن لیگ میں شامل ہوگئے

لاہور: سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے پاکستان مسلم لیگ (ن ) میں شمولیت اختیار کرلی۔

سردار دوست محمد مزاری اور سابق صوبائی وزیر ملک محمد آصف بھا نے ن لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نواز سے ملاقات کی، مریم نواز نے انہیں پارٹی میں خوش آمدید کہا۔ ن لیگ کی سینیئر نائب صدر کا کہنا تھا کہ سردار دوست مزاری کی شمولیت سے جنوبی پنجاب میں پارٹی مزید مضبوط ہو گی۔

ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر گفتگو کی گئی۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ آپ لائق تحسین ہیں کہ فتنے کی آئین شکنی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، دوست مزاری نے آئین شکنوں کی فسطائیت اور جبر کا بہادری سے مقابلہ کیا۔

دوست مزاری اور ملک محمد آصف بھا نے مریم نواز شریف کی آئین، جمہوریت اور عوام کے لئے جرات مندانہ جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا۔

واضح رہے کہ سردار دوست محمد مزاری 2018 میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر پی پی 297 راجن پور 5 سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ 16ا گست 2018 کو انہوں نے 187 ووٹوں کی اکثریت سے ڈپٹی اسپیکر کا حلف اٹھایا تھا۔

تاہم گذشتہ برس سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے کے بعد پنجاب اسمبلی میں پیدا ہونے والی بحرانی سیاسی صورتحال میں پارٹی پالیسی سےانحراف کے بعد پی ٹی آئی نے جولائی 2022 میں ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی تھی جس کے بعد وہ ڈپٹی اسپیکر کے عہدے سے فارغ ہوگئے تھے۔