مکہ مکرمہ؛ ہوٹل میں آگ لگنے سے 8 پاکستانی جاں بحق، 6 زخمی

جدہ: سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ کے ایک ہوٹل میں ہونے والی خوف ناک آتشزدگی میں 8 پاکستانی جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔

سعودی میڈیا کے مطابق ابراہیم خلیل روڈ پر واقع ایک ہوٹل میں پاکستان سے آنے والے عازمین حج مقیم تھے۔ ہوٹل کی تیسری منزل پر اچانک آگ بھڑک اُٹھی۔ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ کسی کو نکلنے کا موقع نہیں مل سکا۔

فائر بریگیڈ کے عملے نے دو گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ ریسکیو ادارے کے امدادی کارکنان نے 14 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 8 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی گئی جب کہ 6 زخمی ہیں جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔

افسوسناک واقعے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق پاکستان سے ہے۔ جاں بحق ہونے والوں کا تعلق پنجاب کے ضلع قصور سے ہے، جن میں ریاض گجر، ان کی اہلیہ، حاجی اشرف، ان کی اہلیہ اور ساس و دیگر شامل ہیں،

تا حال آگ لگنے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے رابطے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔