اسحاق ڈار سے ڈاکٹر گوہر اعجاز کی سربراہی میں اپٹما وفد کی ملاقات

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے جمعرات کو فنانس ڈویژن میں آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے سر پرست اعلیٰ ڈاکٹر گوہر اعجاز کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔

وفد میں چیئرمین اپٹما آصف انعام،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے محصولات طارق پاشا، پنجاب کے وزیر برائے توانائی سید ایم تنویر، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری بجلی ، سیکریٹری پٹرولیم، چیئرمین ایف بی آر اور اپٹم کے نمائندے اور دیگر موجود تھے۔

گوہر اعجاز نے کپاس کی کم از کم قیمت مقرر کرکے ٹیکسٹائل سیکٹرکی مدد کرنے پر حکومت کی تعریف کی۔

انہوں نے وزیر خزانہ کو ریونیو جنریشن، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور پاکستان کی برآمدات میں اضافے کے ذریعے ملک کی اقتصادی ترقی اوبڑھوتری میں ٹیکسٹائل کے شعبے کے اہم کردار کے بارے میں بتایا۔

انہوں نے وزیر خزانہ کو ٹیکسٹائل انڈسٹری کو سپلائی چین کے حوالے سے درپیش مسائل، درآمدات و برآمدات کے حوالے سے ریگولیٹری مسائل، توانائی سے متعلق مسائل کے بارے میں بتایا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے صوبہ پنجاب میں مختلف پلانٹس کی فراہمی کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

وفد نے توانائی کی قیمتوں اوررسد کے حوالے سے صوبوں کے درمیان موجودہ فرق پر بھی بات کی اور اس سلسلے میں وزیر سے تعاون طلب کیا۔

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ملک کی معاشی بہتری میں ٹیکسٹائل کے شعبے کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے ٹیکسٹائل سیکٹر کو حکومت کی جانب سے زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کا عزم کیا تاکہ برآمدی شعبے کو مضبوط کیا جا سکے اور پاکستان کی برآمدات پر مبنی نمو کو بڑھایا جا سکے۔

مزید برآں وزیر خزانہ نے متعلقہ حکام کو ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔اپٹما کے وفد نے ان کے مسائل کو بروقت حل کرنے کے لیے تعاون کرنے پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔