زمان پارک سے فرار ہونے والے 8 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، وزیراطلاعات پنجاب

لاہور: پنجاب حکومت کی جانب سے زمان پارک میں موجود افراد کی گرفتاری کے لیے پی ٹی آئی کو دی گئی 24 گھنٹے کی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی، نگراں وزیر اطلاعات نے دعویٰ کیا ہے کہ کور کمانڈر ہاؤس پر حملے میں ملوث 8 دہشت گردوں کو زمان پارک سے فرار ہوتے وقت گرفتار کرلیا ہے۔

پنجاب پولیس کی جانب سے زمان پارک کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ زمان پارک جانے والے تمام راستے بند ہیں۔ اور پی ٹی آئی کارکنوں کے کیمپ بھی خالی ہوگئے ہیں۔

لاہور پولیس نے زمان پارک سے فرار کی کوشش کرنے والے 8 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

نگراں وزیر اطلاعات عامر میر کے مطابق زمان پارک کے اطراف میں سیکیورٹی پر تعینات لاہور پولیس نے کور کمانڈر ہاؤس پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کو زمان پارک سے فرار ہوتے ہوئے گرفتار کیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کی شناخت پہلے ہی کی جا چکی تھی۔

قبل ازیں پنجاب پولیس کا موقف تھا کہ فوجی تنصیاب پر حملہ کرنے والے متعدد دہشت گرد زمان پارک میں موجود ہیں جنہیں گرفتار کرنا ہے۔

راستے بند ہونے کے باعث شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، رکاوٹوں کے باعث دفاتر اور تعلیمی اداروں میں جانے والے بچے شدید کوفت کا شکار ہوئے، رکاوٹوں پر کھڑی پنجاب پولیس کی جانب سے شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک بھی کیا گیا۔

پولیس نے رکاوٹیں لگا کر دھرم پورہ پل کو بھی بند کیا اور پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کردیا۔