PTI Flag

پی ٹی آئی کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر امجد بھی پارٹی چھوڑ گئے

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر امجد نے بھی پارٹی سے علیحدگی اختیار کرلی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر امجد نے پارٹی سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس سلسلے میں وہ آج شام پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کریں گے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عامر کیانی نے بھی گزشتہ روز پریس کانفرنس میں پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ 9 مئی کے واقعات میں بڑی تکلیف دی۔ تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاست سیاسی لوگوں کی طرح کرنی چاہیے۔

قبل ازیں پی ٹی آئی رہنما اور کراچی سے رکن قومی اسمبلی محمود مولوی بھی تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کرچکے ہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی چھوڑنے کے ساتھ ہی ایم این اے کی نشست سے مستعفی ہونے کا بھی اعلان کردیا تھا۔

مفتی محمود نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ پارٹی چھوڑنے کی وجہ فوج کے خلاف بات کرنا ہے کیوں کہ میں اپنے ملک کی فوج کے خلاف نہیں جاسکتا، جو کچھ بھی ہوا وہ غلط ہوا۔ فوج کے بغیر یہ ملک نہیں چل سکتا، سیاسی جماعتیں بدلی جاسکتی ہیں فوج نہیں بدل سکتے۔فوج کے نام پر سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا باپ وہ کام نہ کر سکا جو ان لوگوں نے کیا۔

علاوہ ازیں گزشتہ روز پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر عباد فاروق کا ایک ویڈیو بیان جاری ہوا تھا، جس میں انہوں نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرنے کے ساتھ کور کمانڈر ہاؤس پر حملے کا ذمے دار پارٹی قیادت کو قرار دیتے ہوئے علیحدگی کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ اب آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لیں گے، تاہم بعد ازاں انہوں نے پولیس وین میں گفتگو کرتے ہوئے ہوئے کہا تھا کہ وہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے حوصلے بلند ہیں۔