راولپنڈی؛ پرتشدد مظاہروں میں سرکاری ملازمین کے ملوث ہونیکا انکشاف

راولپنڈی: پرتشدد مظاہروں میں سرکاری ملازمین کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس میں راولپنڈی انتظامیہ نے ملوث سرکاری ملازمین کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

میونسپل کارپوریشن کے تین ملازمین کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی شروع ہوچکی ہے۔

سرکاری ملازمین کی شناخت ویڈیو فوٹیجز سے کی جا رہی ہے۔ ویڈیوز سے آر ڈی اے، واسا، پی ایچ اے اور دیگر محکموں کے ملازمین کی شناخت بھی ہوگی۔

میونسپل کارپوریشن گریڈ 11 کا افسر ادریس پہلے ہی گرفتار ہے جبکہ میونسپل کارپوریشن کے دو جونیئیر کلرک ہارون رشید اور شاہد رضا پادری روپوش ہیں۔

واضح رہے کہ سرکاری ملازمین سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد مشتعل ہوئے تھے۔