فواد چوہدری کی 9 مئی کے پُرتشدد واقعات کی مذمت، ملوث افراد کو سزا دینے کا مطالبہ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے نو مئی کو پیش آنے والے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوج ہے تو پاکستان اور ہم ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر اپنی اہلیہ اور وکلا کے ہمراہ پریس کانفرنس میں فواد چوہدری نے کہا کہ لاہور کور کمانڈ ہاؤس میں پیش آنے والے واقعات پر ہر محب وطن شخص کا دل رنجیدہ ہے، عسکری اور سرکاری تنصیبات پر حملے قابل شرم ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ان واقعات کی تحقیقات ہوں اور جو بھی ان میں ملوث ہے اُسے سزا ملنی چاہیے، خواہ اس کا تعلق پی ٹی آئی سے ہی کیوں نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان کی حیثیت سے کہتا ہوں پاک فوج ہے تو پاکستان ہے، پاکستان ہے تو ہم ہیں، نو مئی کے واقعات میں ملوث لوگ پی ٹی آئی کے ہوں یا نہ ہوں، انہیں سزا ضرور ملنی چاہیے۔ عمران خان نے بھی واقعات کی مذمت کی ہے۔

بعد ازاں فواد چوہدری اسلام آباد ہائیکورٹ سے گھر روانہ ہوگئے۔ رہنما پی ٹی آئی صبح ہی سے عدالت میں موجود تھے جہاں انہیں پولیس نے گرفتار کرنے کی بھی کوشش کی۔,