صدرمملکت، وزیراعظم، چیف جسٹس اور ججز کی تنخواہوں کی تفصیلات جاری

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں صدرمملکت، وزیراعظم، ججز اور ارکان کی تنخواہوں کی تفصیلات پیش کردی گئی۔

چیئرمین نورعالم خان کی زیرصدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اجلاس میں مسلم لیگ کے رہنما شیخ روحیل اصغر نے سپریم کورٹ کے بجٹ میں کٹوتی کی تجویزدے دی۔ شیخ روحیل اصغر کا کہنا تھا کہ بجٹ بن رہاہےاس لئے یہی مناسب موقع ہے۔

شیخ روحیل اصغر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کابجٹ ہرسال لیپس ہورہاہے،اسکامطلب انہیں دلچسپی نہیں، حکومت سے کہا جائے سپریم کورٹ کی گرانٹ کم کردے۔

چیئرمین پی اے سی کا کہنا تھا کہ صدر مملکت کی تنخواہ 8 لاکھ96 ہزار 550روپے ہے، وزیراعظم کی تنخواہ 2 لاکھ ایک ہزار 574 روپے جبکہ وفاقی وزیر کی تنخواہ3 لاکھ 38ہزار 125روپے ہے۔ ممبرقومی اسمبلی کی تنخواہ ایک لاکھ 88 ہزار روپے ہے۔

نورعالم خان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس پاکستان کی تنخواہ15 لاکھ27 ہزار399 روپے ہے، سپریم کورٹ کےجج کی تنخواہ 14 لاکھ 70 ہزار711 روپے ہے، گریڈ 22 کے وفاقی افسر کی تنخواہ5 لاکھ 91 ہزار475 روپے ہے۔ ان تمام عہدیداروں کی مراعات تنخواہ کےعلاوہ ہیں۔