سیاسی بحران کے خاتمے کیلئے کراچی چیمبر کی مصالحتی پیشکش

سیاسی بحران ختم کرنے کےلیے ایوان ہائے تجارت و صنعت کراچی نے مصالحتی پیشکش کرتے ہوئے ایک چھت تلے تمام اسٹیک ہولڈرز کو جمع کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملک کی خاطر سیاسی جماعتیں، عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ سر جوڑ کر بیٹھیں۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ سیاسی کشمکش میں الجھنا صرف تباہی لائے گا۔ جاری سیاسی اور معاشی بحرانوں کا سدباب نہ کیا تو مسائل اور بڑھ جائیں گے۔

کے سی سی آئی کے مطابق سیاسی عدم استحکام نے پاکستان کی معاشی بقاء داؤ پر لگا دی ہے۔

اعلامیے کے مطابق پیداواری لاگت کم کر کے خطے کے حریفوں سے مقابلہ کرنے کی حکمت عملی مرتب کرنا ہے کیونکہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط ماننے سے ملکی پیداواری اور کاروباری لاگت میں اضافہ ہوا ہے۔

کراچی چیمبر کے مطابق آئی ایم ایف کے بغیر پاکستان کی معاشی بقاء کے راستے اور ذرائع موجود ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ ملک بچانے کےلیے یکجہتی سے اقدامات کرنا ہوں گے کیونکہ بزنس مین گروپ (بی ایم جی) قیادت اور اراکین کی متفقہ رائے ہے کہ ملکی بقاء معاشی بقاء سے منسلک ہے۔