پنجاب انتخابات کیس؛ سپریم کورٹ میں کل اہم سماعت ہوگی

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں پیر کو پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کروانے کے حکم پر نظر ثانی درخواست کی سماعت ہوگی۔

چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ ساڑھے بارہ بجے سماعت کرے گا، بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر بھی شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے 4 اپریل کے حکم کے حکم پر نظر ثانی دائر کررکھی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین و قانون کے مطابق سپریم کورٹ انتخابات کی تاریخ کا حکم نہیں دے سکتی، عدالت نے تاریخ دیکر اختیارات سے تجاوز کیا، عدالت قانون کی تشریح کر سکتی ہے مگر قانون کو دوبارہ لکھ نہیں سکتی۔

دریں اثنا سپریم کورٹ کے واضح حکم کے باوجود پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات نہیں ہوسکے، 4 اپریل کو سپریم کورٹ نے 14 مئی کو پنجاب میں الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا۔

واضح رہے کہ پی ڈی ایم نے پیر کے روز سپریم کورٹ باہر احتجاج کا اعلان بھی کر رکھا ہے اور ملک بھر سے کارکنوں کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی ہے، پی ڈی ایم کےاس احتجاج میں ن لیگ سمیت دیگر اتحادی جماعتیں بھی شرکت کریں گی۔