PMLN

مسلم لیگ ن کا سپریم کورٹ کے باہر دھرنے میں بھرپور شرکت کا فیصلہ

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سپریم کورٹ کے باہر پی ڈی ایم کے دھرنے میں بھرپور شرکت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیراطلاعات و نشریات کے مطابق ن لیگ کی نمائندگی مریم نواز کریں گی۔

ماڈل ٹاؤن کے پارٹی سیکریٹریٹ میں ہونے والے اجلاس میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے شرکت کی اور پھر ڈی ایم کے سپریم کورٹ کے باہر ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کرنے کا فیصلہ دیا۔

ذرائع کے مطابق ہنگامی اجلاس مریم نواز کی ہدایت پر منعقد کیا گیا، جس کی صدارت خواجہ سعد رفیق، ملک سیف الملوک کھوکھر نے کی۔ جس میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز سمیت سابقہ بلدیاتی نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کو سپریم کورٹ کے باہر دھرنے میں شرکت کے حوالے سے مختلف ٹاسک سونپے گئے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن لاہور سے بڑی تعداد میں لیگی کارکنوں کو لے کر اسلام آباد پہنچے گی، مسلم لیگ ن کے مختلف ونگز کو بھی ریلی میں اپنی بھرپور شرکت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ پارٹی کے طلبا ونگ مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن کو ریلی اور دھرنے کے حوالے سے خصوصی ٹاسک سونپ دئیے گئے ہیں۔ ایم ایس ایف کے کارکن ریلی اور شرکا کی حفاظت کے لئے بطور رضاکار تعینات ہوں گے۔

لاہور سے کارکن ایک ریلی کی صورت میں روانہ ہوں گے، جس کے لیے ہنگامی بنیادوں پر تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔ لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر کارکنوں کو لے جانے کے لئے گاڑیوں اور کھانے پینے کے انتظامات کو دیکھیں گے، پارٹی اجلاس میں سپریم کورٹ کے سامنے دھرنے میں شرکت کے لیے اسلام آباد جانے والی ریلی کی قیادت مریم نواز سے کروانے پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں ملک سیف الملوک کھوکھر کو اسلام آباد جانیوالی ریلی کا کنوینئر مقرر کر دیا گیا، ریلی کے شرکا سوموار کی صبح 6 بجے کالا شاہ کاکو اکٹھے ہو کر اسلام آباد کیلیے روانہ ہوں گے۔

ریلی موٹر وے کے راستے لاہور سے اسلام آباد جائے گی، موٹر وے پر مختلف انٹرچینجز سے دیگر اضلاع سے آنے والے قافلے بھی ریلی کا حصہ بنتے جائیں گے۔

دوسری جانب وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف دھرنے میں ن لیگ کی نمائندگی کرنے کے لیے اسلام آباد پہنچ گئیں۔