عمران خان رہائی کے بعد پولیس لائنز گیسٹ ہاؤس میں سپریم کورٹ کے مہمان بن گئے

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے حکم پر نیب نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کو رہا کردیا جس کے بعد پولیس نے انہیں عدالتِ عظمیٰ کے مہمان کے طور پر پولیس لائنز گیسٹ ہاؤس پہنچا دیا، چیئرمین پی ٹی آئی کو صبح ساڑھے گیارہ بجے اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش کیا جائے گا۔

فواد چوہدری کی جانب سے دائر درخواست پر چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں محمد علی مظہر اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ نے سماعت کی اور چیئرمین پی ٹی آئی کی نیب کے ہاتھوں القادر ٹرسٹ میں گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیا۔

سپریم کورٹ نے گرفتاری غیر قانونی قرار دے کر عمران خان کو فوری طور پر رہا کرکے پولیس لائنز گیسٹ ہاؤس منتقل کرنے اور اسلام آباد ہائیکورٹ کو کیس کی سماعت آج صبح گیارہ بجے مقرر کرکے فیصلہ جاری کرنے جبکہ عمران خان کو بھی متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔