PTI Flag

پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی بھی گرفتار

اسلام آباد: وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر خارجہ کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گلگت بلتستان ہاؤس سے حراست میں لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری اور بعد ازاں عدالت سے ان کا جسمانی ریمانڈ منظور ہونے کے بعد پی ٹی آئی قیادت کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ، پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری اسد عمر، فواد چوہدری اور علی زیدی سمیت دیگر کو گرفتار کیا گیا تھا۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ‏منصوبہ بندی کے تحت جلاؤ گھیراؤ اور پرتشدد مظاہروں پر اُکسانے والوں کے خلاف نَقضِ امن کے خطرے کے تحت گرفتاریاں کی جا رہی ہیں۔

بیان کے مطابق اسلام آباد پولیس نے شاہ محمود قریشی ، اسد عمر،فواد چوہدری، جمشید اقبال چیمہ، فلک ناز چترالی، مسرت جمشید چیمہ اور ملیکہ بخاری کو گرفتار کرلیا اور ‏تمام گرفتاریاں قانونی تقاضوں کو مکمل کرکے عمل میں لائی گئی ہیں جب کہ ‏مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔ عوام میں افواہ اور اشتعال پھیلانے سے گریز کریں۔

پولیس کے مطابق ‏اسلام آباد میں آمدورفت کے تمام راستے کھلے ہیں۔ ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔ ‏تمام شہریوں سے گزارش ہے کہ قانون کا احترام کریں۔ اسلام آباد میں دفعہ 245 نافذ ہے۔‏کسی بھی قسم کی غیر قانونی عمل کرنے والوں کے خلاف پولیس، ایف سی، رینجرز اور پاک افواج کارروائی کرنے کے مجاز ہیں۔ ‏ اچھے شہری ہونے کا ثبوت دیں اور قانون کا احترام کریں۔ قانون سب کےلیے برابر ہے اور اس پر عمل کرنا سب کی ذمے داری ہے.