Islamabad HIgh Court PTI

فواد چوہدری کو سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتار کرلیا گیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما فواد چوہدری کو سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتار کرلیا گیا۔

پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما صبح 11 بجے سے سپریم کورٹ کی عمارت میں موجود تھے، وہ گرفتاری کے خدشے کے باعث عدالت عظمیٰ سے باہر نہیں آرہے تھے۔

اسلام آباد پولیس نے فواد چوہدری کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کرکے تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کردیا ہے۔

فواد چوہدری گرفتاری سے بچنے کےلیے تقریباً 12 گھنٹے سپریم کورٹ کی عمارت میں موجود رہے، پی ٹی آئی رہنما کو نقص امن کی دفعات کے تحت 30 دن تک زیر حراست رکھا جا سکتا ہے۔

فواد چوہدری نے حفاظتی ضمانت پر عملدرآمد کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی

رات گئے فواد چوہدری عمارت سے باہر آئے اور میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ وکلاء کو اتنا تقسیم کیا گیا کہ وکلا کی طاقت بھی ختم ہوگئی، آج یہ بھی ہوا کہ میری اس طرح سے گرفتاری ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کبھی پٹیشنر کی اس طرح گرفتاری نہیں ہوئی ہے، کل ہائیکورٹ میں میری ضمانت منظور ہوئی۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ عمران خان کی گرفتاری بھی عدالت کی حدود سے کی گئی، آج تمام تر توجہ سیاسی مخالفین کو دبانے پر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بہتری اسی میں ہو گی ہم ایک دوسرے کو جگہ دیں اور آگے چلیں۔