Radio Pakistan Building Attack in KPK

پشاور: پی ٹی آئی کا پُر تشدد مظاہرہ، ریڈیو پاکستان کی عمارت پر حملہ، 4 افراد جاں بحق

پشاور میں پی ٹی آئی کی جانب سے پُرتشدد مظاہرے کے دوران ریڈیو پاکستان پر حملہ کیا گیا، پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ اور فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق، 9 زخمی ہو گئے۔

تحریک انصاف کے شرپسندوں نے پہلے ایدھی ایمبولنس کو روکا،مریضوں کو اُتارا اور ایمبولینس تباہ کی، اس کے بعد سرکاری ریڈیو اسٹیشن کی عمارت پر حملہ کر دیا۔

پشاور میں پی ٹی آئی کے کارکن احتجاج کرتے ہوئے سرکاری ریڈیو اسٹیشن کی عمارت میں داخل ہو گئے جہاں انہوں نے توڑ پھوڑ کی، سامان لوٹ لیا، آگ لگا دی، مظاہرین نے ریڈیو اسٹیشن کی عمارت کے اطراف میں آگ لگا دی۔

اس موقع پر پولیس اور مظاہرین کی جانب سے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔

مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی۔

ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق ریڈیو پاکستان کی عمارت میں داخل ہونے والے مظاہرین کو نکال دیا گیا ہے، مظاہرین نے ریڈیو اسٹیشن کے اطراف میں آگ لگائی۔

ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کے حملے کے حوالے سے ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان طاہر حسن کا جاری کیے گئے بیان میں کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے شرپسندوں نے ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت پر حملہ کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ پشاور اسٹیشن پر سینکڑوں شر پسندوں نے اچانک دھاوا بول دیا، شر پسند ریڈیو پاکستان پشاور کا گیٹ توڑ کر اندر داخل ہو گئے، ان شر پسندوں نے پشاور اسٹیشن کے نیوز روم اور مختلف سیکشنز میں تباہی مچائی۔

ڈی جی ریڈیو پاکستان کے مطابق پی ٹی آئی کے شر پسندوں نے پشاور ریڈیو اسٹیشن پر گزشتہ روز بھی حملہ کیا تھا، آج دوبارہ حملہ کیا گیا، توڑ پھوڑ کی گئی، اسٹاف پر تشدد کیا گیا اور آگ لگائی گئی۔