ملک بھر سے پی ٹی آئی کے ہزار سے زائد کارکنان گرفتار، دہشتگردی کے مقدمات درج

راولپنڈی: پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں ہنگامہ آرائی اور پرتشدد کارروائیوں میں ملوث پی ٹی آئی کے ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ گرفتار افراد کے خلاف دہشت گردی کی دفعہ لگائی گئی ہے۔

پنجاب بھر میں ہنگامہ آرائی اور پرتشدد کارروائیوں میں ملوث مزید 100 سے زائد شر پسند عناصر کو گرفتار کرلیا، مختلف اضلاع سے گرفتار شر پسند عناصر کی تعداد 1050 سے زائد ہوگئی۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبہ بھر میں پولیس ٹیمیں سرکاری املاک پر حملوں، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث شرپسندوں کے خلاف ان ایکشن ہے۔ ویڈیو فوٹیجز اور سی سی ٹی وی ریکارڈنگز کی مدد سے شرپسندوں کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کیا جا رہا ہے۔

شرپسند و قانون شکن عناصر کا تمام ریکارڈ ان کے کریکٹر سرٹیفیکیٹ میں درج کیا جا رہا ہے، مجرمانہ ریکارڈ کی وجہ سے شرپسند عناصر کو نہ تو غیر ممالک کا ویزہ اور نہ ہی ملازمت مل سکے گی۔ کریکٹر سرٹیفیکیٹ میں درج تفصیل کی بدولت شرپسند بیرون ملک تعلیمی اداروں میں ایڈمیشن اور امیگریشن بھی حاصل نہیں کر سکیں گے۔

آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ سرکاری املاک، پولیس فورس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملہ کرنے والے شرپسند عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ تمام شرپسند عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں گی۔

سندھ
کراچی میں پولیس اب تک 270 انتشار پسند گرفتار کر چکی ہے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے وزیراعلیٰ سندھ کو رپورٹ ارسال کر دی۔

خیبر پختونخوا
سیاسی جماعت کی رہنما کے گرفتاری کے بعد پشاور کے مختلف علاقوں میں پر تشدد احتجاج کے دوران مختلف مقامات سے اب تک 30 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار کرکے نیب راولپنڈی منتقل کیا گیا تھا۔

عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنان نے احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے عام شاہراہوں کو بند کرکے تھوڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کیا.