عمران خان کی گرفتاری کیخلاف پرتشدد مظاہرے، پی ٹی آئی کے 100کارکنان گرفتار

راولپنڈی: پولیس نے پرتشدد مظاہرین کے خلاف ابتدائی طور پر 4 مقدمات دہشتگردی دفعات کے تحت درج کرلیے جبکہ پی ٹی آئی کے 100 سے زائد کارکنوں کو بھی گرفتار کرلیا۔

پولیس نے بتایا کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد عام شاہراہوں کو بند کرکے تھوڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کرنے والوں کے خلاف ابتدائی طور پر 4 مقدمات درج کیے ہیں۔ مقدمات میں پولیس سے مزاحمت اور نجی سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے سمیت دیگر دفعات بھی شامل ہیں۔

پی ٹی آئی مظاہرین کے خلاف مقدمات تھانہ سول لائنز، صادق آباد، سٹی اور تھانہ گنجمنڈی میں درج کیے گے، اب تک پولیس نے 100 کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ مزید گرفتاریاں بھی کی جائیں گی جبکہ پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار کرکے نیب راولپنڈی منتقل کیا گیا تھا۔

عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنان نے احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے عام شاہراہوں کو بند کرکے تھوڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کیا۔