Court Order

عمران خان کو احتساب عدالت میں پیش کردیا گیا، 14 روزہ جسمانی ریمانڈ طلب

چیئرمین پی ٹی آئی کو احتساب عدالت کے سامنے پیش کردیا گیا ہے، جہاں جج محمد بشیر مقدمے کی سماعت کررہے ہیں۔

سابق وزیراعظم کو القادر یونیورسٹی کیس میں گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد آج احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا گیا، جہاں نیب نے عمران خان کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کردی۔

نیب کی جانب سے عدالت میں عمران کان کی گرفتاری کی وجوہات پیش کردی گئیں۔ دوران سماعت عمران خان کے وکیل خواجہ حارث کی جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی گئی۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گزشتہ روز نیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے رینجرز کی مدد سے گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں سمیت کئی شہروں میں جلاؤ گھیراؤ کے بعد شدید ہنگامہ آرائی جاری رہی جب کہ کئی مقامات پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کے مابین جھڑپیں بھی ہوتی رہیں۔

آج صبح پی ٹی آئی کے سابق گورنر پنجاب کو ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا جب کہ پارٹی کے جنرل سیکرٹری اسد عمر کو بھی اسلام آباد سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔