PPPP

عمران خان کا زوال دیکھ رہا ہوں,آصف علی زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میں عمران خان کا زوال دیکھ رہا ہوں۔ اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش نے ان کا حقیقی چہرہ بے نقاب کردیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں سابق صدر نے کہا کہ عمران خان اداروں کو بدنام کرنے کی ہرحدعبورکرچکا ہے جسے مزید برداشت نہیں کیا جائے گا، اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش نے سابق وزیراعظم کا حقیقی چہرہ بے نقاب کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیرملکی ایجنٹ کی گزشتہ روز تقریر سننے کے بعد کوئی محب وطن اسکی پیروی کرنے کا اب سوچ بھی نہیں سکتا، عمران خان میرے آباؤ اجداد، میرے بچوں اور ملک کو تباہ کرنے کے درپہ ہے جس کی ہم اجازت نہیں دیں گے۔

آصف زرداری نے کہا کہ یہ وہ ملک ہے جہاں ہم سب نے دفن ہونا ہے، ہم عمران خان کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ہماری اقدار اور ہمارے ملک کے ساتھ کھلواڑ کرے، پاک فوج کے بہادر اور مایہ ناز افسران پر الزامات دراصل اس ادارے پر حملہ ہے کہ جس کے ساتھ پورا پاکستان کھڑا ہے۔

سابق صدر نے کہا کہ عمران خان جھوٹ اور دھوکے سے اپنے معصوم کارکنان کو بے وقوف بنارہا ہے، میں اس شخص کا زوال دیکھ رہا ہوں۔