مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا جدید ٹیکنالوجی سے لیس درھو ہیلی کاپٹر معمول کی پرواز کے دوران نامعلوم وجوہات کے باعث گر کر تباہ ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین آرمی کے 3 افسران کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر درھو مقبوضہ کشمیر کے ضلع کشتور میں گر کر تباہ ہوا۔ سرچ آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔

سرچ آپریشن ٹیم کو ہیلی کاپٹر کی باقیات ایک دریا سے مل گئیں۔ پائلٹ اور معاون پائلٹ کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ایک کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

قبل ازیں ہیلی کاپٹر کے گرنے کی اطلاع دیتے ہوئے بھارتی فوج کے ترجمان کے کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر میں تین افسران موجود ہیں تاہم اب تک دو زخمی افسران کا پتہ چل سکا ہے۔

تیسرے آفیسر کو بھی کئی گھنٹوں کی مشقت کے بعد زندہ حالت میں دریا سے نکال لیا گیا۔ تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔

واضح رہے کہ ایک ماہ میں بھارتی فوج کا یہ تیسرا ہیلی کاپٹر ہے جو حادثے کا شکار ہوکر تباہ ہوا۔