برازیل: 65 سالہ میئر نے 16 سالہ لڑکی سے شادی کے بعد ساس کو اہم سرکاری عہدہ دیدیا

جنوبی امریکی ملک برازیل میں ایک علاقائی شہر کے معمر میئر کی 16 سال کی لڑکی سے شادی ایک بڑا متنازع معاملہ بن گیا ہے، اس سے بھی زیادہ جو بات تنازع کی وجہ بنی وہ یہ ہے کہ بزرگ میئر نے کم عمر لڑکی سے شادی کرتے ہی اس کی والدہ یعنی اپنی خوشدامن کو اگلے ہی روز شہر کا سیکریٹری ثقافت اور سیاحت مقرر کردیا۔

تفصیلات کے مطابق 13 اپریل کو 65 سالہ حسام دہینی جو برازیل کی جنوبی ریاست پرانا کے شہر آراؤکیریا کے میئر ہیں۔ انہوں نے اپنے سے 49 سال چھوٹی لڑکی سے عین اس دن شادی کی جس روز وہ 16 برس کی ہوئی۔

واضح رہے کہ برازیل میں سولہ سال شادی کی قانونی عمر ہے جبکہ بزرگ میئر پر کمسن لڑکی سے شادی رچانے کے لیے اسکی والدہ کو شادی کے اگلے ہی روز اہم سرکاری عہدہ دینے پر اقربا پروری اور کرپشن کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ریاست پرانا کے پروسیکیوٹر آفس نے تفتیش کا آغاز بھی کردیا ہے۔