PTI Goverment Dailogue

حکومت اور پی ٹی آئی کا ملک میں ایک دن الیکشن پر اتفاق

اسلام آباد: حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کی تیسری بیٹھک میں ملک میں ایک دن الیکشن پر اتفاق کرلیا گیا۔

مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ مذاکرات مثبت ماحول میں ہوئے جس میں حکومت اور پی ٹی آئی میں پورے ملک میں ایک ہی دن الیکشن کرانے پر اتفاق کرلیا ہے البتہ ابھی تاریخ طے نہیں کی گئی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ نگراں حکومتوں کی موجودگی میں عام انتخابات ہوں گے، الیکشن کی تاریخ پر دونوں کمیٹیاں اپنے اپنے مؤقف پر قائم ہیں لیکن دونوں اطراف سے لچک دکھائی گئی ہے، وہ بھی اپنی قیادت سے بات کریں گے، جس روز بھی ملک میں الیکشن ہوں گے نگران حکومتیں ہوں گی۔

پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو یہ باور کرنا چاہیے کہ ہم کسی ایک نکتہ پر متفق ہوجائیں جو ملک اور عوام کے مفاد میں ہو اور آئین سے مطابقت رکھتا ہو، 90 دن کے بعد ہونیوالے انتخابات کو آئینی تحفظ دینے کیلئے قومی اسمبلی میں بیٹھنے کو تیار ہیں، تحریک انصاف میں آئین ایک بار کی ترمیم کیلئے قومی اسمبلی میں جانے کو تیار ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مذاکراتی عمل کو تاخیری حربے کے طور پر استعمال نہیں کرنا چاہیے کیونکہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آئین کے مطابق ہے لہذا اُس پر عمل درآمد کریں، اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ اگر کسی نقطے پر پہنچیں تو اس پر عمل درآمد کا روڈ میپ بھی طے کریں۔

قبل ازیں پی ٹی آئی اور حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کو بیٹھک سے قبل چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے عشائیہ دیا اور میڈیا سے مختصر گفتگو میں امید ظاہر کی کہ مذاکرات کا انشا اللہ کوئی حل ضرور نکلے گا۔

مذاکرات کے دوران مختصر وقفے میں پی ٹی آئی کی کمیٹی نے عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، شاہ محمود قریشی نے چیئرمین کو حکومت کی جانب سے پیش کردہ تجاویز سے آگاہ کیا جس پر عمران خان نے مذاکراتی ٹیم کو مشورے دیے۔

دوسری جانب مذاکرات کے دوران حکومتی کمیٹی نے بھی وزیراعظم شہباز شریف سے رابطہ کرکے پیشرفت سے آگاہ کیا.