14 مئی سے قبل اسمبلیاں توڑیں تو ایک ساتھ الیکشن کیلئے تیار ہیں، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مخالفین آئین کیخلاف گئے تو ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے، سپریم کورٹ کا حکم نہ ماناگیا تو قوم میرے ساتھ سڑکوں پر نکلے گی، 14 مئی سے قبل اسمبلیاں توڑیں تو ایک ساتھ الیکشن کیلئے تیار ہیں، چیف جسٹس نے بھی تو یہی کہا ہے انتخابات ہونے چاہئیں، آئین توڑا یا ججز کے خلاف کچھ کیا تو سڑکوں پر نکلیں گے اور چیف جسٹس کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

لیبر ڈے کے حوالے سے نکالی گئی ریلی کے اختتام پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین نے کہا کہ حکمران الیکشن تب کرانا چاہتے ہیں جب یہ سمجھیں کہ جیت سکتے ہیں، انتخابات نہ کرانے کا مقصد کسی طرح مجھے راستے سے ہٹانا ہے، یہ چاہتےہیں مجھے جیل میں ڈالیں یا قتل کر دیں، میرے گھر پر بھی حملہ کیا گیا، نہتے کارکنوں پر تشدد کیا گیا، علی امین گنڈا پور کو بھی باربارایک سے دوسری جیل لے جاتےہیں، ہمارے کارکنوں کو پکڑ رہے ہیں، چاہتے ہیں یہ کمزور ہو جائیں۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مخالفین آئین کیخلاف گئے تو ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے، یہ الیکشن سے بھاگیں گے تو پی ٹی آئی آئین کےساتھ کھڑی ہوگی، ہم نے صرف معاشی حالات کی وجہ سے پُر امن احتجاج کیے ہیں، جنگل کے قانون میں کوئی سرمایہ کاری نہیں ہوگی، جس ملک میں حکومت سپریم کورٹ کو نہ مانے وہاں سرمایہ کارنہیں آتا، یہ لوگ عمران کو باہر رکھیں گے تو کسی کے مفادمیں نہیں ہوگا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں مانیں گے تو قوم میرے ساتھ نکلے گی، آئین توڑاگیا، سپریم کورٹ کا حکم نہ ماناگیا تو قوم میرے ساتھ نکلے گی، آئندہ ہفتے پتہ چلے گا دودھ کا دودھ، پانی کا پانی ہو جائے گا، آئندہ ہفتے پتہ چلے گا ملک میں قانون کی حکمرانی ہے یا نہیں، پی ٹی آئی چیف جسٹس پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ میں کھڑا ہو کر تقریر نہیں کر سکتا، جنرل (ر) باجوہ نے ہم پر امپورٹڈ حکومت کو مسلط کیا، پہلے وزیر آباد پھر اسلام آباد میں مجھے قتل کرنے کی کوشش کی گئی، آج کی ریلی کا مقصد ملک میں قانون کی حکمرانی ہے، نگراں حکومت نےالیکشن کیلئےایک کام نہیں کیا، صوبائی حکومت کی اب کوئی آئینی حیثیت نہیں، ملک میں 70 فیصد عوام کے منتخب نمائندے نہیں ہیں۔

پی ٹی آئی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ مخالفین مجھے جیل بھجوانا یا قتل کرنا چاہتے ہیں، ان کا مقصد مجھے راستے سے ہٹانا، پی ٹی آئی کو کمزور کرنا ہے، 14 مئی سے قبل اسمبلیاں توڑیں تو ایک ساتھ الیکشن کیلئے تیار ہیں، چیف جسٹس نے بھی تو یہی کہا ہے الیکشن ہونا چاہیے، آئین توڑا یا ججز کے خلاف کچھ کیا تو پی ٹی آئی سڑکوں پر ہو گی، اور چیف جسٹس کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ معاشی حالات کی وجہ سےآج تک پرامن احتجاج کیے، اگرآئین توڑاتوملک میں جنگل کاقانون ہوگا، ملک تباہی کی طرف جارہاہے، یہ اور ان کے ہیلڈلرز سمجھتے ہیں ہم الیکشن نہیں کروائیں گے ، اس صورت میں بھی ہم سڑکوں پر نکلیں گے۔

اس سے قبل لیبر ڈے پر لبرٹی چوک سے ریلی نکالنے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں سابق وزیراعظم نے لکھا کہ یومِ مئی کی ہماری ریلی میں اہلِ لاہور کی بڑی تعداد نے شرکت کی ہے جبکہ یہ تو محض ریلی کی ابتداء تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہم جوں جوں آگے بڑھ رہے ہیں عوام بڑی تعداد میں شرکت کیلئے اُمڈ رہے ہیں۔ یہ ان لوگوں کیلئے واضح پیغام ہے جو دستور اور سپریم کورٹ کے احکامات ہوا میں اڑانے کی خواہش اپنے دلوں میں پالتے ہیں۔

پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ ہمارے عوام انتخابات سے فرار کے ذریعے مافیا کے ہاتھوں عدالتی احکامات اور آئین کی پامالی کسی طور گوارا نہیں کریں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارا ملک اپنے حالیہ بدترین معاشی حالات میں ایک ملک گیر عوامی تحریک کا ہرگز متحمل نہ ہوسکے گا۔