Supreme Court of Pakistan

سپریم کورٹ ججز کی خالی نشستیں: جسٹس فائز کا تمام جوڈیشل کمیشن ممبران کو خط

سپریم کورٹ میں 2 ججز کی خالی نشستوں کے معاملے پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جوڈیشل کمیشن کے تمام ممبران کو خط لکھ دیا۔

ذرائع کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اپنے خط کے ذریعے پشاور اور سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹسز کو نامزد کیا ہے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اپنے خط میں سفارش کی ہے کہ جسٹس مسرت اور جسٹس احمد علی شیخ کے ناموں پر غور کیا جائے۔

خط میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جوڈیشل کمیشن کے ممبران سے کہا ہے کہ سینیارٹی کے اصول پر دونوں چیف جسٹسز کو سپریم کورٹ لانے پر غور کیا جائے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے خط کے ذریعے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس جلد بلانے پر زور بھی دیا ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں اس وقت 17 ججز کی جگہ 15 ججز کام کر رہے ہیں۔