Zaman Park Lahore

ٹکٹوں کی تقسیم کیخلاف کارکنوں نے زمان پارک میں فواد چوہدری کی گاڑی کو روک لیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کےلیے ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر مظاہرین نے زمان پارک میں فواد چوہدری کی گاڑی کو روک لیا۔

پی پی 141 کے کارکنان نے زمان پارک میں بھوک ہڑتالی کیمپ لگادیا، کیمپ میں موجود کارکنان نے مطالبہ کیا کہ ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق ہمیں سنا جائے۔

مظاہرین نے فواد چوہدری سے مطالبہ کیا کہ ہم 2009 سے تحریک انصاف کے ساتھ ہیں ٹکٹ ہمارا حق ہے، جس پر فواد چوہدری نے مظاہرین کو یقین دہانی کروائی کہ آپ کی آواز آگے پہنچاؤں گا۔

فواد چوہدری کی یقین دہانی پر کارکنوں نے انہیں آگے جانے دیا۔

پی ٹی آئی رہنما رائے قمر کا کہنا ہے کہ ہم نے فواد چوہدری کو بتایا کہ حلقے کے عوام کی بات سنی جائے۔

انہوں نے کہا کہ حلقے کے عوام میرے ساتھ ہیں وہ امپورٹڈ امیدوار کو قبول نہیں کریں گے۔