Dead Bodies

کراچی سے تفریح کیلیے کینجھر جھیل جانے والوں کی گاڑی کو خوفناک حادثہ، 9 جاں بحق

ٹھٹھہ: کراچی سے تفریح کے لیے کینجھر جھیل جانے والوں کی گاڑی کو واپسی پر خوفناک تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ٹھٹھہ میں قومی شاہراہ پر چلیا کے مقام پر تیز رفتار سوزوکی گاڑی سڑک پر کھڑے ٹرک میں جاگھسی جس میں ہائی روف میں سوار افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

مکلی سول اسپتال کے انچارج ایم ایس ڈاکٹر صفدر نے بتایا کہ چار افراد کی لاشیں سول اسپتال مکلی منتقل کردی گئی ہیں۔

ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ گاڑی میں سوار بدقسمت مسافروں کا تعلق کراچی سے تھا جو تفریح کی غرض سے کینچھر جھیل آئے تھے، ٹول پلازہ کے قریب ٹرک نے بریک لگایا تو تیز رفتار سوزوکی ہائی روؤف ٹرک میں جاگھسی اور مکمل تباہ ہوگئی۔

حادثے کے مقام پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں، اندھیرے کی وجہ سے رضاکاروں کو مشکلات کا بھی سامنا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ٹھٹھہ کے قریب روڈ حادثے میں انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو زخمیوں کو فوری اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہر صورت متاثرہ اہل خانہ کی مکمل مدد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ٹھٹھہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا حکم بھی دے دیا۔