Army Check Post

مسلح افواج کیخلاف مہم چلانے والے بعض لوگ سیاسی ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر مسلح افواج کے خلاف مہم چلانے والے بعض لوگ سیاسی ہیں اور کچھ کا دشمن ایجنسیز والا ایجنڈا ہے۔

راولپنڈی میں اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج کے لیے تمام سیاسی شخصیات اور سیاسی جماعتیں قابل احترام ہیں۔ آرمی چیف واضح کر چکے ہیں کہ پاکستان کے عوام ہی اصل طاقت ہیں اور پاک فوج ایک قومی فوج ہے، پاک فوج میں تمام مذاہب، مسالک، علاقوں اور نسلوں کی نمائندگی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج اور حکومت کے درمیان آئینی تعلق ہے، کسی بھی ملک میں فوج کی جانب سے کسی ایک سیاسی یا مذہبی گروہ کے خلاف کارروائی کا نتیجہ انتشار ہی نکلتا ہے۔

کشمیر سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ کشمیر کی عالمی تسلیم شدہ حقیقت ہے جس کو کوئی نہیں بدل سکتا، کشمیر نہ کبھی بھارت کا اٹوٹ انگ رہا ہے اور نہ کبھی رہے گا۔ آپریشنل تیاریوں پر کسی کو شک ہے تو فروری 2019 سامنے ہے اور فروری 2019 میں پلوامہ حملہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا۔ پاکستان اور بھارت کے دفاعی بجٹ میں فرق کسی سے چھپا نہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پشاور پولیس لائنز مسجد پر خودکش حملہ کالعدم ٹی ٹی پی کے احکامات پر جماعت الاحرار نے کیا، پشاور مسجد پر حملہ کرنے والے کا تعلق قندوز افغانستان سے تھا۔ پشاور حملے کے لیے دہشت گرد عبدالبصیر نے حملہ آور کو افغانستان میں تربیت دی، نمازیوں کی تعداد کم ہونے کی بنا پر پشاور حملے کو 2 بار ملتوی کیا گیا۔